Sunday, May 12, 2024

کورونا کیسز بڑھنے پر مردان میں لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے ، ڈاکٹر فیصل سلطان

کورونا کیسز بڑھنے پر مردان میں لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے ، ڈاکٹر فیصل سلطان
April 27, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کورونا کیسز بڑھنے پر مردان میں لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔

این سی او سی کے اجلاس کے بعد معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا صورتحال بہتر نہ ہوئی تو مزید شہروں میں بھی لاک ڈاؤن لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا آکسیجن پلانٹس کو فعال بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہر روزہ یلتھ کیئر سسٹم کی کپیسٹی بڑھاتے چلے جارہے ہیں۔ ویکسین کا استعمال بغیر کسی رکاوٹ کے چل رہا ہے۔ 30 مارچ سے 30 لاکھ ویکسین خریدی جا چکی ہیں۔ 3 کروڑ ویکسین کی ڈیل فائنل کرلی ہے۔ یہ تاثر غلط ہے کہ حکومت صرف تحفے میں ملی ویکسین پر انحصار کر رہی ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا بیماری کے پھیلاؤ کے باعث دنیا بھر میں ویکسین کی کمی ہے۔ اضافی ویکسین کیلئے دنیا میں بہت ڈیمانڈ ہے۔ امیر ممالک میں ویکسین کا رول آؤٹ بھی رکاوٹ کا شکار رہا ہے۔ چین کے شکر گزار ہیں ان کی وجہ سے ویکسین کا مرحلہ شروع ہوا۔

انہوں نے مزید کہا بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سب سے مؤثر چیز ایس او پیز ہیں۔ اس مرتبہ رمضان اور عید سادگی سے گزارنی ہو گی۔