Friday, May 10, 2024

کورونا کیسز بڑھنے پر آج سے پارکس اور کاروباری مراکز شام چھ بجے بند ہوں گے

کورونا کیسز بڑھنے پر آج سے پارکس اور کاروباری مراکز شام چھ بجے بند ہوں گے
March 15, 2021

اسلام اباد (92 نیوز) کورونا کیسز بڑھنے پر آج سے پارکس اور کاروباری مراکز شام چھ بجے بند ہوں گے ۔ ہفتہ اور اتوار کو چھٹی ہو گی۔

آج سے تمام مارکیٹیں ، پارکس ، شادی ہالز اور ریستوران شام چھ بجے کے بعد بند ہو جائیں گے۔ میڈیکل اسٹور ،بیکریز ، دودھ دہی کی دکانیں، تندور اور دیگر کھانے پینے کی دکانیں کھلے رہیں گی۔ لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات میں تمام انڈور،آؤٹ ڈور میرج ہالز، کمیونٹی سنٹرز اور مارکی آج سے مکمل طور پر بند ہیں۔ لاہور سمیت دیگر شہروں میں کاروباری مراکز شام 6 بجے بند جبکہ ہفتہ اور اتوار کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔ لاہور میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 21 دکانوں، اسٹورز اور ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا گیا ۔ پنجاب میں پولیس اہلکاروں کے لیے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق 29 مارچ تک نافذ العمل رہے گا۔

تمام میڈیکل سروسز، فارمیسیز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریاں، کولیکشن پوائنٹس  24 گھنٹے اور ہفتے کے 7 دن کھلے رہیں گے ۔ گروسری اسٹورز، جنرل اسٹورز، چکیاں، فروٹ، سبزی کی دکانیں، تندور اور پٹرول پمپس کو پورا ہفتہ 24 گھنٹے کھلا رہنے کی اجازت ہو گی۔ ٹائر پنکچر شاپس، فلنگ پلانٹس، ورک شاپس، سپیئر پارٹس شاپس اور زرعی مشینری و آلات کی دکانیں بھی 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔ تمام سرکاری و نجی دفاتر  50 فیصد اسٹاف کے ہمراہ کام کرنے کی پالیسی پر کاربند ہوں گے ۔ لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات میں ریسٹورانٹس اور کیفے میں انڈور ڈائننگ پر پابندی ہے۔ مزکورہ شہروں میں کسی بھی سماجی و مذہبی تقریبات کے لیے 50 افراد کو شامل ہونے کی اجازت ہو گی ۔ زیادہ آبادی والے بڑے 7 شہروں کے علاوہ باقی اضلاع میں 300 سے زائد افراد کے اکٹھا ہونے پر پابندی ہوگی۔ تمام مزارت، درگاہیں اور سینما ہالز بھی مکمل طور پر بند ہوں گے۔ تمام تفریحی مقامات اور پارکس شام 6 بجے بند کر دیے جائیں گے۔ محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن کے مطابق ضلعی انتظامیہ پابندیوں کو صوبہ بھر میں نافذ کروانے کے لیے پولیس کے ساتھ رابطے میں رہے گی۔