Thursday, May 2, 2024

کورونا کیخلاف یورپی یونین کی ٹیلی تھون ،8.1ارب ڈالر جمع

کورونا کیخلاف یورپی یونین کی ٹیلی تھون  ،8.1ارب ڈالر جمع
May 5, 2020

لندن ( 92 نیوز) عالمی وبا کووڈ 19 کی ویکسین کیلئے فنڈزاکٹھا کرنے کاعزم ، یورپی یونین کی سربراہی میں ہونے والی ٹیلی تھون میں دنیا بھرسے 8  ارب 10کروڑڈالرکی خطیر رقم اکٹھی کی گئی جو کورونا کے تدارک کے لئے استعمال کی جائے گی۔

کورونا وائرس نے تقریبا پوری دنیا کو ایک پیج پر لا کر کھڑا کردیا ، ڈبلیو ایچ او کے سرابراہ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو ختم کرنے کیلئے ساری دنیا کو متحد ہو کر لڑنا ہو گا، مشترکہ حکمت عملی ہی عالمی وبا کے خاتمے کا واحد راستہ ہے۔

کووڈ 19 پر ریسرچ اور ویکسین کی تیاری کیلئے تمام ممالک کا مالی تعاون کلیدی اہمیت کا حامل ہے ، اس مقصد کیلئے یورپی یونین کے زیرانتظام ٹیلی تھون کا انعقاد کیا گیا جس میں جاپان، کینیڈا، سعودی عرب اور یورپ سمیت دنیا بھر سے 40 ممالک نے حصہ لیا جبکہ امریکا اور روس ٹیلیتھون میں شریک نہیں ہوئے۔

ٹیلی تھون کے دوران 8 ارب ڈالر سے زائد کے اعلانات سامنے آئے ، جن میں سے 2 ارب ڈالر ریسرچ، 4.4 ارب ڈالر ویکسین کی تیاری اور 1.6 ارب ڈالر ٹیسٹنگ پر خرچ کئے جائیں گے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے ٹیلیتھون میں اکٹھی ہونے والی رقم کو ڈاؤن پیمنٹ قرار دیا اور کہا کہ اصل میں درکار رقم کا تخمینہ ساڑھے اکتالیس ارب ڈالرہے ، دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس آدھنم نے فنڈ ریزنگ کو عالمی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ قرار دیا ہے۔