Friday, April 26, 2024

کورونا کیخلاف پاکستانی حکمت عملی کی عالمی سطح پر پذیرائی

کورونا کیخلاف پاکستانی حکمت عملی کی عالمی سطح پر پذیرائی
August 25, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) کورونا وائرس کیخلاف پاکستانی حکمت عملی کی عالمی سطح پر پذیرائی، الجزیرہ نے خصوصی آرٹیکل میں لکھا کہ پاکستان کورونا وائرس کیخلاف مشکل جنگ جیت گیا ہے۔ بین الاقوامی خبر ایجنسی الجزیرہ کے مطابق بائیس کروڑ سے زائد کی آبادی، ہیلتھ سسٹم کی خرابی اور گنجان آباد شہری علاقوں کی وجہ سے پاکستان کو کورونا وائرس کا پرائم ٹارگٹ سمجھا جا رہا تھا۔ الجزیرہ کی رپورٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کے 6 ماہ بعد، نئے کیس سامنے آنے کی شرح مسلسل گراوٹ کا شکار ہے اور ایکٹو کیسز کی شرح بھی اس وقت اپریل کے آخری دنوں کے مقابلے میں کم ترین سطح پر آچکی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مرحلہ وار لاک ڈاؤن، اسپتال میں داخل مریضوں کے مؤثر علاج اور مینجمنٹ، اور این سی او سی کے قیام کے ذریعے کورونا وائرس پر قابو پایا، جبکہ آبادیاتی اور ثقافتی عوامل نے بھی وباء پر قابو پانے میں کردار ادا کیا۔ کورونا متاثرین کا ڈیٹا اکٹھا کرنے اور اس کے مطابق بہترحکمت عملی بنانے میں سول اور عسکری اداروں نے بھرپور اور مربوط انداز میں کام کیا،،، پاکستان کے اینٹی پولیو انفراسٹرکچر نے بھی مریضوں کی جلد شناخت میں مدد فراہم کی۔ الجزیرہ نے مزید لکھا کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق 5 فیصد یا کم افراد کی رپورٹ مثبت آنے پر وبا کو قابو میں تصور کیا جاتا ہے، اور پاکستان کا پازیٹو ٹیسٹ ریٹ صرف 2 فیصد ہے، جبکہ پاکستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات بھی ’ایک ہندسے‘ تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔