Friday, March 29, 2024

کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کو حفاظتی سامان دینا اولین ترجیح ہے ، چودھری سرور

کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کو حفاظتی سامان دینا اولین ترجیح ہے ، چودھری سرور
April 19, 2020
 راولپنڈی (92 نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کو حفاظتی سامان مہیا کرنا اولین ترجیح ہے۔ انکی خدمات کبھی نہیں بھولیں گے۔ چودھری سرور نے راولپنڈی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ پنجاب میں حفاطتی کٹس کی کمی نہیں۔ لوگ بھی ہمیں لاکھوں کی تعداد میں ماسک عطیہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ریسکیو 1122 کا بھی مشکور ہوں۔ ریسکیو 1122 بھی ہمارے لیے بہت محنت کر رہی ہے۔ گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا کروڑوں ڈیلی ویجز والے افراد بیروزگار ہو گئے ہیں۔ لاکھوں لوگوں میں کیش امداد تقسیم کر چکے ہیں۔ رمضان المبارک تک پانچ لاکھ لوگوں میں راشن بھی تقسیم کردینگے۔ یاد رہے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کورونا کی وجہ سے بےروزگار ہونے والوں کو ماہانہ راشن دینے کا اعلان کیا تھا۔ چودھری محمد سرور کا کہنا تھا مختلف شعبوں سے بے روزگار ہونیوالوں کی فہرستوں کی تیاری شروع کر دی گئی ۔ مخیر حضرات کیساتھ ملکر متاثرین کو ماہانہ راشن پیکیج دیں گے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا راشن پیکیج میں 20 کلو آٹا، 10 کلو چاول، 20 لٹر دودھ ،10 کلو چینی بھی ملے گی ۔ 5 کلو دالیں، چائے کے 5 ڈبے اور دو درجن صابن بھی راشن پیکیج میں ملیں گے۔ ان کا کہنا تھا جب تک حالات بہتر نہیں ہوتے ہم غریب افراد کی مدد جاری رکھیں گے۔ کورونا کے شکار افراد کے اہل خانہ کو بھی ماہانہ بنیادوں پر راشن پیکیج ملے گا۔ لاہور ہی نہیں باقی شہروں میں بھی فلاحی تنظیموں کیساتھ ملکر بے روزگاروں کو ماہانہ راشن دیں۔