Friday, April 26, 2024

کورونا کیخلاف صف اول کی فورس میں نرسز بھی پیش پیش

کورونا کیخلاف صف اول کی فورس میں نرسز بھی پیش پیش
June 24, 2020
فیصل آباد (92 نیوز) مریضوں کی بیماری سے لیکر صحت یابی تک کے سفر میں ڈاکٹرز کے علاوہ نرسز کی خدمات بھی کسی طور کم نہیں ہوتیں، جس طرح نرسز، کورونا مریضوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں، ثابت ہوتا ہے کہ کام کوعبادت سمجھ کرانسانیت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ کورونا وائرس کے خلاف صف اول کی فورس میں صنف نازک بھی پیش پیش ہیں، فیصل آباد کی نرسز بھی ڈٹ کر میدان میں موجود ہیں،، وباء کتنی ہی خطرناک سہی، فرائض کی انجام دہی میں نرسز کی قربانیاں بھی قابل تحسین ہیں، فرنٹ لائن پر موجود خدمت خلق کے جذبے سے سرشار مریضوں کے علاج میں ہر دم کوشاں ہیں۔ طبی عملہ میں ریڑھ کی ہڈی کے مانند یہ نرسز، کورونا مریضوں کے علاج کے دوران خود بھی وبا کا شکار ہوئیں، الائیڈ اسپتال میں 90، ڈی ایچ کیو میں 20 سے زائد جبکہ گورنمنٹ جنرل اسپتال میں 12 نرسز کورونا میں مبتلا ہوئیں، جس پر الائیڈ اسپتال کے ہاسٹل میں زینب ہال کو بھی نرسز کیلئے آئیسولیشن سنٹر بنایا گیا، اسپتال انتظامیہ بھی ان کی خدمات کی معترف ہے۔ کورونا وبا میں مبتلا ہونے کے باوجود خدمت خلق کے جذبے سے سرشار،، اور دلجمعی سے فرائض سرانجام دینے پر ان نرسز کو 92 نیوز کا سلام ہے۔