Thursday, April 25, 2024

کورونا کی چوتھی لہر سے مزید 69 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

کورونا کی چوتھی لہر سے مزید 69 افراد زندگی کی بازی ہار گئے
August 29, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر سے مزید 69 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، چوبیس گھنٹوں کے دوران 3909 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ایک دن میں مزید 69 افراد دم توڑ گئے۔ ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 25 ہزار 604 تک جا پہنچی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 21 فیصد رہی، ایک دن میں کورونا کے 3 ہزار 909 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

این سی اوسی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 52 ہزار 481 تک پہنچ گئی۔ سندھ میں 4 لاکھ 29 ہزار 422، پنجاب میں 3 لاکھ 89  ہزار 688، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 60 ہزار 759، اسلام آباد میں 98 ہزار 739، گلگت بلتستان میں 9 ہزار 855، بلوچستان میں 32 ہزار 157 جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 31 ہزار 861 ہوگئی۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ 10 لاکھ 33 ہزار 373 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں، 517 مریض وینٹلیٹرز پر ہیں 6 ہزار 173 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔