Friday, May 3, 2024

کورونا کی نئی قسم اومی کرون نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

کورونا کی نئی قسم اومی کرون نے خطرے کی  گھنٹی بجا دی
November 27, 2021 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) کورونا کی نئی قسم اومی کرون نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ امریکا ، یورپ اور خلیجی ممالک نے افریقی ممالک سے عالمی فلائٹ آپریشن معطل کر دیا۔

اومی کرون پھیلائو کے پیش نظر یورپی یونین نے جنوبی افریقی ریجن کے ساتھ تمام سفری رابطے منقطع کر دئیے۔ فرانس نے اپنی پروازوں کو 48 گھنٹے کیلئے معطل کر دیا۔ کینیڈا نے بھی افریقی ممالک کیلئے پروازوں پر پابندی لگا دی ۔ برطانیہ نے 6 افریقی ممالک کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کا اعلان کردیا۔ روس نے بھی  افریقی ممالک اور ہانگ کانگ کےخلاف سفری پابندیاں لگانے کا اعلان کر دیا۔

29نومبر سے  جنوبی افریقہ، زمبابوے، موزمبیق اور نمیبیا سے آنے والے افراد کے دبئی میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ۔ سعودی عرب نے بھی  جنوبی افریقا سمیت 7 ممالک کیلئے پروازیں معطل کر دیں۔ ڈبلیو ٹی او نے  جنیوا میں منعقد ہونیوالا اپنا وزراتی  سطح کا اجلاس پھر سے ملتوی کر دیا جس میں 160 ممالک کے وزرا نے شرکت کرنا تھی ۔

جرمن  کمپنی بائیو این ٹیک فائزر کمپنی نے 100 دنوں میں کورونا ویکسین کا تازہ ترین ورژن تیار کر کے شپمنٹ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی کمپنی موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن نے بھی اومی کرون کے لیے بوسٹر ویکسین کی تیاری کا اعلان کر دیا۔  ایسٹرازینیکا کمپنی بھی اومی کرون ویرینٹ کی ویکسین تیار کرنے کیلئے تحقیق کررہی ہے جبکہ  جنوبی افریقہ کی حکومت نے شکوہ کیا ہے کہ اسے کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون  کا سراغ لگانے کی سزا دی جا رہی ہے۔