Tuesday, May 14, 2024

کورونا کی ممکنہ دوسری لہر، این سی او سی کا نئی حکمت عملی تشکیل دینے پر غور

کورونا کی ممکنہ دوسری لہر، این سی او سی کا نئی حکمت عملی تشکیل دینے پر غور
October 8, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا، کورونا وائرس کی ممکنہ دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی پرتبادلہ خیال کیا گیا، اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر جلد نئی حکمت عملی تشکیل دی جائے گی۔ صحت کی پرواہ نہیں۔ ہاتھ ملانا معمول بن چکا۔ سماجی فاصلے اور نو ماسک نو سروس پر عمل نہیں ہورہا۔ عوام نے احتیاط کا دامن چھوڑ دیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نئی صورتحال پرفوری مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔ پاکستان میں کورونا سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر پرعملدرآمد میں کمی دیکھنے میں آئی۔ عوامی اجتماعات بالخصوص ریسٹورٹنس اور شادی ہالز وباء کے پھیلاؤ کے بڑے مراکز بن گئے۔ وفاقی وزیراسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں اہم اجلاس ہوا جس میں کورونا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ماہرین صحت نے خطے اور دنیا میں کورونا کی دوسری لہر کے اثرات سے آگاہ کیا۔ این سی اوسی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ تاہم وباء کی مجموعی صورتحال مستحکم ہے۔ ملک میں کورونا سے احتیاطی تدابیر میں عملدرآمد میں کمی دیکھی گئی ہے۔ فورم کے مطابق سماجی فاصلے اور نو ماسک۔۔۔نو سروس کے اصولوں پرعمل نہیں ہورہا۔ عوامی صحت کی پرواہ کیے بغیر ہاتھ ملانا معمول بن چکا ہے۔ عوامی مقامات پر ماہرین صحت کی ہدایات پرعمل  نہیں کیا جارہا۔ این سی او سی نے نئی صورتحال پرتمام فریقین سے فوری مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔