Thursday, March 28, 2024

کورونا کی صورتحال ، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے قومی سطح پر مشاورت شروع کر دی

کورونا کی صورتحال ، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے قومی سطح پر مشاورت شروع کر دی
March 23, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) کورونا کی صورتحال پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے قومی سطح پر مشاورت شروع کر دی۔ مختلف سیاسی رہنماؤں سے فون اور ویڈیو کانفرنس پر بات چیت کی۔ شہبازشریف کے لندن سے وطن واپس آتے ہی سیاسی سرگرمیاں بڑھنے لگیں۔ مختلف اپوزیشن رہنماؤں نے ایک دوسرے سے رابطے کئے۔ اپوزیشن لیڈر اور بلاول کے درمیان فون پر رابطہ ہوا جس میں کورونا سے نمٹنے کیلئے قومی یکجہتی پر اتفاق کیا گیا۔ بلاول نے ویڈیو لنک اے پی سی کی تجویز دی جو شہباز شریف نے مان لی۔ بلاول نے کہا آل پارٹیز کانفرنس کل ہی ہونی چاہئے۔ شہبازشریف نے مولانا فضل الرحمٰن اور اسفند یار ولی سے بھی رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے آل پارٹیز ویڈیو کانفرنس بلانے کی حمایت کر دی۔ تینوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ فوری اور بروقت فیصلوں سے قوم کی جان بچائی جائے۔ مریم اورنگزیب نے کہا شہباز شریف کی مشاورت کا مقصد موجودہ صورت حال میں حکمت عملی کی تیاری ہے۔ اتنی بڑی تباہی سے کوئی حکومت یا پارٹی تنہا نہیں نمٹ سکتی، اسی لئے وڈیو کانفرنس کی تجویز پیش کی جا رہی ہے۔