Tuesday, April 23, 2024

کورونا کی سنگین صورتحال نظرانداز ، پی ڈی ایم نے لاہور میں پنڈال سجا لیا

کورونا کی سنگین صورتحال نظرانداز ، پی ڈی ایم نے لاہور میں پنڈال سجا لیا
December 13, 2020

لاہور (92 نیوز) کورونا کی سنگین صورتحال اور دہشتگردی کے الرٹ نظرانداز کرتے ہوئے پی ڈی ایم نے لاہور میں پنڈال سجا لیا۔

مینارپاکستان کے گریٹر اقبال پارک میں جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ کرسیاں لگ گئیں ، اسٹیج تیار ، اسکرینیں نصب کرنے کا کام جاری ہے۔ جے یو آئی ف کے ڈنڈا بردار کارکنوں نے جلسہ گاہ کا کنٹرول سنبھال لیا۔ قائدین کیلئے گیٹ نمبر تین ، خواتین کیلئے گیٹ نمبر چار اور دیگر شرکاء کیلئے گیٹ نمبر پانچ مختص کیئے گئے ہیں۔ رہنماؤں اور کارکنوں کی آمد شروع ہو گئی۔ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کہیں نظر نہ آیا۔

ترجمان مسلم لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے وہ دن آگیا ہے جس سے سلیکٹڈ حکومت ڈر خوف میں مبتلا رہی۔ آج جلسے میں بہت اہم اعلان ہونے جا رہا ہے۔ ملک بھرسے لوگ ریلیوں کی صورت میں مینار پاکستان آرہے ہیں۔ آج کے جلسے کے بعد ان چوروں کو جانا ہو گا۔ اب پی ڈی ایم کا اعلان ہے ان چوروں سے گھبرانا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اجازت دینا یہ ان کی مہربانی نہیں ہے۔ کل تک جلسے کی اجازت نہیں دی۔ یہ ان کی مہربانی نہیں یہ عوامی طاقت ہے جس کو یہ روک نہیں سکے۔ تمام آنے والے کارکنوں کو درخواست کی کورونا وائرس کے ایس او پیز کا خیال رکھیں۔

ادھر لاہور جلسے کیلئے ملک کے دیگر شہروں سے کارکن لائے جانے لگے۔ پشاور سے امیرمقام کی قیادت میں قافلہ لاہور کیلئے روانہ ہوا۔ راولپنڈی سے بھی پی ڈی ایم جماعتوں کا قافلہ چل پڑا۔ ملتان، فیصل آباد، چیچہ وطنی سمیت دیگر شہروں سے بھی لیگی رہنما کارکنوں کو لے کر نکل پڑے۔ شرکاء کی بھرپور ناشتے سے تواضع کی گئی۔ لاہور بلاول ہاؤس میں بھی کارکنوں کیلئے نان چنے کا اہتمام کیا گیا۔