Monday, May 13, 2024

کورونا کی تیسری لہر، پنجاب میں مہلک وائرس کے 1239 نئے کیسز رپورٹ

کورونا کی تیسری لہر، پنجاب میں مہلک وائرس کے 1239 نئے کیسز رپورٹ
March 13, 2021

لاہور (92 نیوز) کورونا کی تیسری لہر کا تیزی سے پھیلاؤ، مریضوں کی تعداد ایک لاکھ اسی ہزار سے زائد ہوگئی، گوجرانوالہ میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح نو فیصد ہوگئی، ملتان اور لاہور میں آٹھ آٹھ فیصد، سرگودھا میں چھ اور راولپنڈی میں چار فیصد، مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔

کورونا کی تیسری لہر کا تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے، پنجاب میں کورونا وائرس کے 1239 نئے کیسزسامنے آنے سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ تراسی ہزار آٹھ سوپندرہ ہوگئی۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح نو فیصد، ملتان اور لاہور میں آٹھ آٹھ فیصد، سرگودھا میں چھ اور راولپنڈی میں چار فیصد ہے۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے لاہور، راولپنڈی، گوجرانولہ اور گجرات کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔

حکومت نے بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر جشن بہاراں فیسٹول منسوخ کردیا ہے۔ انیتیس مارچ تک کاروباری مراکز شام 6 بجے بند کردیئے جائیں گے۔ ہفتہ اور اتوار کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے پابندیوں اور کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔ اس دوران صوبائی حکومت نے دفاتر میں پچاس فیصد سٹاف کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

دوسری جانب ساٹھ سال کے زائدعمرکے افراد کو کورونا کی ویکسین لگانے کاعمل جاری ہے، صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نےکہاتھا کہ پنجاب کے 4 شہروں میں برطانوی سٹرین کا وائرس پہنچ چکا ہے۔