Tuesday, May 14, 2024

کورونا کی تیسری لہر نے بھارت کے کمزور نظام صحت کی کمر توڑ دی

کورونا کی تیسری لہر نے بھارت کے کمزور نظام صحت کی کمر توڑ دی
April 23, 2021

نئی دہلی (92 نیوز) کورونا کی تیسری لہر نے بھارت کے کمزور نظام صحت کی کمر توڑ دی۔ کئی ریاستوں میں اسپتال بھر گئے۔

بھارت میں کورونا وبا کے کیسز بڑھنے پر اسپتالوں کے باہر مریضوں کی لائنیں لگ گئیں۔ اسپتالوں میں آکسیجن کم پڑ گئی۔ میتوں کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے بھی جگہ کم پڑنے لگی۔

دارالحکومت نئی دہلی میں قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں میں جگہ کم پڑنے کی وجہ سے اجتماعی تدفین اور چتائیں جلانے کا آغاز ہو گیا جسے مقامی فلاحی تنظیم نے شروع کیا۔

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے ریکارڈ تین لاکھ بتیس ہزار  سات سو تیس کیسز سامنے آئے اور دو ہزار دو سو تریسٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ کورونا وبا کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں میں بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی کے علاقے ویرار میں واقع ایک اسپتال کے آئی سی یو میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 13 مریض ہلاک ہو گئے۔

دوسری طرف بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث کینیڈا نے بھارت پر تیس دنوں کیلئے سفری پابندیاں عائد کر دیں۔ سنگاپور نے بھی بھارت سے آنے والوں پر پابندی لگا دی۔ برطانیہ پہلے ہی بھارت کو ریڈ لسٹ میں ڈال چکا ہے۔