Saturday, May 11, 2024

کورونا کی تیسری لہر، افواج پاکستان قوم کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیگی، ڈی جی آئی ایس پی آر

کورونا کی تیسری لہر، افواج پاکستان قوم کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیگی، ڈی جی آئی ایس پی آر
April 26, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابرافتخار نے کہا، کورونا کی تیسری لہر کے دوران افواج پاکستان معاونت کے لیے تیار ہیں۔ افواج پاکستان قوم کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔ 

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے پریس بریفنگ میں کہا، آج کی بریفنگ کا مقصد کورونا کی تیسری لہر کے دوران فوج کی تعیناتی کے حوالے سے آگاہی دینا ہے۔ کورونا کی تیسری لہر پہلی دو لہروں کے مقابلے میں زیادہ جان لیوا ثابت ہورہی ہے۔ ہمارا خطہ اس وباء سے بری طرح متاثر ہورہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، 23 اپریل کو وزیراعظم کی سربراہی میں نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف بھی موجود تھے، عوام کا اعتماد افواج پاکستان کا اثاثہ ہے، افواج پاکستان قوم کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔

اُنہوں نے کہا، ہمارا ہیلتھ کیئر سسٹم وبا کی وجہ سے شدید دباؤ کا شکار ہے۔ کورونا کی صورتحال برقرار رہی تو انڈسٹری کے لیے مختص آکسینج بھی ہیلتھ سیکٹر کو دینا پڑے گی۔ 23 اپریل کو سب سے زیادہ 157افراد کورونا کی وجہ سے جان سے گئے، ملک بھر کے 51 شہروں میں مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے زائد ہے۔ ملک بھر میں 570 افراد وینٹی لیٹر پر ہیں، کچھ شہروں میں 92 فیصد مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا، چار ہزار تین سو کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، آج صبح ہر ضلع کی سطح پر آرمی ٹروپس مدد کے لیے پہنچ چکے ہیں۔ آزمائش کی اس گھڑی میں پاک فوج عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔

میجر جنرل بابر افتخار نے مزید کہا، ایس اوپیز پر عملدرآمد ہی اس وباء کے خلاف موثرہتھیار ہے، ہم سب کو مل کر اپنی اپنی ذمہ داریوں کو نبھانا ہوگا۔ فیس ماسک کا استعمال، سماجی فاصلوں اور حفاظتی گائیڈلائن پر عمل کرکے ہی اس وباء سے بچا جا سکتا ہے۔