Sunday, May 12, 2024

کورونا کو بڑھنے سے روکنے کیلئے عوامی بیداری مہم تیز کرنیکا فیصلہ

کورونا کو بڑھنے سے روکنے کیلئے عوامی بیداری مہم تیز کرنیکا فیصلہ
August 6, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) کورونا کو بڑھنے سے روکنے کے لیے عوامی بیداری مہم تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ این سی او سی حکام کا کہنا ہے مہلک بیماری پوری طرح ختم نہیں ہوئی۔ ایس او پیز پر عملدرآمد سے ہی بچا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا اجلاس ہوا۔ این سی او سی حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں و اضح کمی ضرور آئی ہے۔ تاہم  ابھی تک ایس اوپیز پر پوری طرح عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر ماسک اور سماجی فاصلوں کو یقینی بنانے سے ہی وبائی مرض  سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ 31 جولائی تک ملک بھر کے اسپتالوں میں 2150 آکسیجنیٹڈ بیڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ اب تک 2608 نئے آکسیجنیٹڈ بیڈز کو ملک بھر کےاسپتالوں میں شامل کر دیا گیا ہے۔ آزاد کشمیرمیں 80، بلوچستان میں 264، گلگت بلتستان میں 100، خیبر پختونخوا میں 400 آکسیجنیٹڈ ہیں۔ پنجاب میں 787 سندھ میں 351 اور اسلام آباد میں 626 آکسیجن بیڈز شامل کیے گئے ہیں۔ این سی او سی حکام نے بتایا کہ 242 مزید نئے آکسیجن بیڈز شامل کرنے کے لیے کام جاری ہے۔ پنجاب 17، سندھ 215 اورخیبرپختونخوا میں 10 آکسجینیٹڈ بستر فراہم کیے جائیں گے۔