Friday, April 26, 2024

کورونا کسی کو نہیں بخشے گا، اللہ نے بچایا ہوا ہے، وزیراعظم

کورونا کسی کو نہیں بخشے گا، اللہ نے بچایا ہوا ہے، وزیراعظم
April 4, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کسی کو نہیں بخشے گا، اللہ نے بچایا ہوا ہے، کم سے کم 11 لاکھ افراد وائرس سے متاثر ہورہے ہیں، کسی کو تجربہ نہیں اس وباء سے کیسے ڈیل کرنا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے احساس پروگرام اور ٹائیگر فورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جو پیکیج دیا وہ تاریخ کا بڑا پیکیج ہے، لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ متاثر دیہاڑی دار ہے، غریب طبقے کو روزگار اور امداد ترجیح ہے۔ معاشرے کو غریب طبقےکا خیال رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری آدمی اس وقت تباہ ہوتا ہے جب وہ نقصان کے دور میں وہ دونمبری کرتا ہے، برے وقت کا مقابلہ کرنے والا زیادہ طاقتور ہوکر کھڑا ہوتا ہے، برے وقت میں ہاتھ کھڑے کرنے والے فیل ہوجاتے ہیں، کسی کو تجربہ نہیں اس وباء سے کیسے ڈیل کرنا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا کا ریلیف پیکیج 2 ہزار ارب ڈالر ہے، ترقی یافتہ ممالک بھی اس وقت مشکلات کا شکار ہیں، مشکل میں ہی انسان کے ایمان کا پتہ چلتا ہے، اسلامی فلاحی ریاست  بنانا علامہ اقبالؒ کا خواب تھا، بدقسمتی سے ہم علامہ اقبالؒ کے نظریے سے دور چلے گئے۔ اللہ نے ہمیں کہا ہے حضورﷺ کی زندگی سے سیکھو، حضور ﷺ مدینہ پہنچے تو وہاں انقلاب آیا۔ انہوں نے کہا کہ دیہات میں کسانوں کیلئے کوئی رکاوٹ نہیں، ہر روز ہم بیٹھ کر سوچتے ہیں کس انڈسٹری کو موجودہ حالات میں کھول سکتے ہیں، ہمیں مسلسل احتیاط کی ضرورت ہے، ہماری طاقت ہمارا ایمان ہے۔ عمران خان بولے کہ پاکستان دنیا میں سب زیادہ خیرات دینے والے ملکوں میں سے ایک ہے، ملک میں کھلے دل والوں کی کمی نہیں ہے، شوکت خانم میں اب تک کسی کے ساتھ کوئی فرق نہیں کیا گیا، ایم پی ایز اور ایم این ایز پر امتحان ہے، بدقسمتی کیلئے سیاست میں کہتے ہیں ہم عوام کیلئے کرینگے اور کرتے اپنے لیے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ہمراہ ایکسپو سنٹر لاہور میں قائم کردہ کرونا قرنطینہ سنٹر کا دورہ کیا۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیر اعظم کو قرنطینہ سنٹر بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے قرنطینہ سنٹر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیر اعظم نے قرنطینہ سنٹر میں تعینات ڈاکٹرز اور عملے سے گفتگتو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو آپ کی خدمات پر فخر ہے۔ ایکسپو سنٹر لاہور میں قائم قرنطینہ میں ایک ہزار افراد کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔ غریب طبقے ، روزگار ، امداد ترجیح ، وزیر اعظم عمران خان ، احساس پروگرام ، ٹائیگر فورس تقریب ، خطاب ، لاہور ، 92 نیوز اس سے قبل گورنر پنجاب چودھری سرور نے وزیر اعظم ریلیف فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوائیں اور دیگر سامان عطیہ کرنے پر ہمیں فخر ہے، شوکت خانم ا سپتال میں بلا امتیاز ہر کسی کا علاج ہوتا ہے، وزیر اعظم عمران خان ہمیں اس مشکل سے نکالیں گے، وزیر اعظم نے تاریخی معاشی پیکیج دیا۔