Friday, May 17, 2024

کورونا کا پھیلاؤ، پاکستان کی بھارت سے آنیوالے تمام مسافروں کے داخلے پر پابندی

کورونا کا پھیلاؤ، پاکستان کی بھارت سے آنیوالے تمام مسافروں کے داخلے پر پابندی
April 19, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) بھارت میں ریکارڈ کورونا کیسز سامنے آنے پر پاکستان نے بھارت سے آنے والے تمام مسافروں کے داخلے پر پابندی لگادی، ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 73 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ ایک روز میں پانچ ہزار 152 مثبت کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔

کورونا کا پھیلاو روکنے کے لیے بڑا قدم، دو ہفتے کے لیے بھارت سے کوئی پاکستان نہیں آسکے گا۔ این سی او سی نے بھارت کو کیٹیگری سی کے ممالک میں شامل کرلیا۔ کیٹگری سی پر نظرثانی کیلئے اجلاس 21 اپریل کو ہوگا۔

اُدھر پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر مزید 73 جانیں نگل گئی، ایک روز میں پانچ ہزار 152 مثبت کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں32اور پنجاب میں27مریضوں نے دم توڑا، خیبرپختونخوا میں ایک اور ڈاکٹر کورونا کے باعث دم توڑ گیا۔ ڈاکٹر محمد کامل ایچ ایم سی میں زیرعلاج تھے۔

ملک بھر میں538 مریض وینٹی لیٹر پر سانسیں گن رہے ہیں، 5 ہزار349 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

ملک بھر میں نویں سے بارہویں تک کلاسز کھل گئیں، ہفتے میں چار روز تک اسکول کھولنے کی اجازت ہوگی، تاہم کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔