Wednesday, April 24, 2024

کورونا کا پھیلاؤ ، پانچ بڑے شہروں میں نئی پابندیوں کا آج سے اطلاق

کورونا کا پھیلاؤ ، پانچ بڑے شہروں میں نئی پابندیوں کا آج سے اطلاق
August 3, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کے باعث پانچ بڑے شہروں میں نئی پابندیوں کا آج سے اطلاق ہو گیا۔ مارکیٹیں ہفتے میں 2 دن بند رہیں گی۔

 مارکیٹوں کے اوقات کار صبح 10سے رات8 بجے تک مقرر کر دیئے گئے۔ ریسٹورنٹس میں ان ڈور ڈائننگ بند اور ٹیک اوے چوبیس گھنٹے ہو گا۔ دفاتر میں حاضری پچاس فیصد اور پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافر پچاس فیصد ہوں گے ۔ پابندیوں کا اطلاق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں ہو گا۔

گزشتہ روز کورونا صورتحال پر اجلاس کے بعد اسد عمر کا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا  31 اگست تک راولپنڈی، فیصل آباد،لاہور،فیصل آباد اور ملتان میں پابندیوں پر اطلاق شروع ہو گا۔ مارکیٹ کے اوقات کار صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک کر دیئے گئے ہیں۔ مارکیٹس ہفتے میں 2 روز بند رہیں گی ان دو دنوں کا فیصلہ صوبے کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کراچی اور حیدرآباد میں سندھ حکومت نے 8 اگست تک کا لاک ڈاؤن نافذ کررکھا ہے۔ اسلام آباد کے ساتھ آزاد کشمیر کے چند شہروں میں بھی پابندیاں لگانے جارہے ہیں۔ تمام فیصلے وزیراعظم کی اجازت سے کیے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا ہم نے انڈور ڈائننگ کی اجازت صرف ویکسینیشن والے افراد کے لیے دی تھی۔ افسوس کے ساتھ اس پر بالکل بھی عملد رآمد نہیں ہورہا تھا اس لیے ان ڈور ڈائننگ پر پابندی لگائی جارہی ہے۔ آؤٹ ڈور ڈائننگ، ٹیک اوے سروس چلتی رہے گی۔

دوسری جانب این سی او سی نے موڈرنا ویکسین کے حوالے سے نئی گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق موڈرنا ویکسین عام شہریوں سمیت 16 سال سے زائد عمر کے طلباء اور حاملہ خواتین لگوا سکتی ہیں۔ سندھ میں شناختی کارڈ کے بغیر بھی ویکسین لگوانے کی سہولت ہے۔ شہری تعلیمی اسناد ، ب فارم دکھا کر یا شخصی ضمانت دے کر ویکسین لگوا سکیں گے۔

سربراہ این سی او کا مزید کہنا تھا پبلک ٹرانسپورٹ پر مسافروں کی تعداد 50 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دفاتر میں ملازمین کی 50 فیصد حاضری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔