Friday, April 19, 2024

کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سندھ، پنجاب، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن

کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سندھ، پنجاب، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن
March 25, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سندھ، پنجاب، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن ہے۔ خیبرپختونخوا میں جزوی بندش ہے۔ کورونا وائرس کے مذید پھیلاو کو روکنے کیلئے اقدامات مذید سخت کر دیئے گئے۔ راولپنڈی شہر میں دوسرے روز بھی مکمل لاک ڈاون ہے۔ اسلام آباد میں جزوی لاک ڈاون کر دیا گیا۔ جڑواں شہروں میں تمام تجارتی مراکز ، سکولز ، کالجز اور نجی دفاتر بند تاہم کریانہ اسٹورز اور فارمیسیز کھلی ہیں۔ جڑواں شہروں میں تمام اجتمعاعات پر بدستور پابندی عائد ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں بین الاضلاعی اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر معطل ہے تاہم میٹروبس سروس صبح ساڑھے 8 سے ساڑھے دس پھر ساڑھے تین سے ساڑھے 5 تک آپریشنل رہے گی لیکن میٹرو میں مسافروں کو ایک سیٹ کے فاصلے سے بیٹھنا لازمی قرار دے دیا گیا۔ اسلام آباد میں ٹیکسی اور کیب سروس کو بھی کام کی اجازت مل گئی۔ اسلام آباد کے تمام اسپتالوں میں او پی ڈی سروس معطل جبکہ ایمرجنسی سروس بحال ہے۔ اسلام آباد میں پبلک آفسز میں صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک کام ہو سکے گا۔