Tuesday, April 16, 2024

کورونا کا نیا وار، پاکستان میں ’’ ڈیلٹا وائرس ‘‘ کے کیسز سامنے آنے لگے

کورونا کا نیا وار، پاکستان میں ’’ ڈیلٹا وائرس ‘‘ کے کیسز سامنے آنے لگے
July 9, 2021

اسلام آباد (92 ) کورونا کا نیا وار، پاکستان میں ڈیلٹا وائرس کے کیسز سامنے آنے لگے، این سی او سی نے ایس او پیز پر عمل درآمد اور ویکسین لگوانے کی رفتار تیز کرنے پر زور دیدیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق کورونا وائرس کا نیا وار ڈیلٹا وائرس جو درحقیقت انڈین وائرس ہے، انتہائی خطرناک ہے، پاکستان میں ڈیلٹا وائرس کے کیسز سامنے آنے لگے جو کورونا کی چوتھی لہر بھی ہو سکتی ہے۔

این سی او سی نے ڈیلٹا وائرس اور پاکستان میں موجود دیگر وائرس کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دے دی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق اگر ڈیلٹا وائرس پہ قابو پانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس وائرس کی وجہ سے ہندوستان نے نہ صرف لاکھوں اموات کا سامنا کیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے بڑی عید پر غیر ضروری نقل و حرکت کو محدود رکھنے کی تجاویز پر غور، سیاحت پر پابندیاں لگائے جانے کا امکان ہے۔

18 سال سے زائد عمر کے طلباء اور طالبات کے لیے31 اگست تک ویکسن لگوانا لازمی قرار دیدیا گیا، یکم اگست سے ویکسینیشن سرٹیفکٹ کے بغیر ہوائی سفر کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔

ملک کے تمام سیاحتی مقامات پہ جانے والے 30 سال یا اس سے زائد عمر افراد پر بغیر ویکسینیشن سرٹیفیکٹ کے سفر اور ہوٹل بکنگ پر عائد پابندی کو یقینی بنانے کے لیے احکامات جاری کردیئے گئے۔ یکم اگست سے اس پابندی کا اطلاق 18 سے 30 سال تک کے افراد پہ بھی ہو گا، تمام متعلقہ اداروں کو اس ضمن میں ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔