Thursday, March 28, 2024

کورونا کا خوف ، کراچی کے ویکسی نیشن سنٹرز پر شہریوں کا رش

کورونا کا خوف ، کراچی کے ویکسی نیشن سنٹرز پر شہریوں  کا رش
August 1, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کورونا کے خوف سے کراچی کے شہریوں کی بڑی تعداد ویکسی نیشن مراکز پر پہنچ گئی۔ طویل قطاروں میں کھڑے شہریوں کے درمیان آج پھر دھکم پیل دیکھنے میں آئی۔

خواتین ،بوڑھے ، مرد سب ہی لمبی لمبی قطاروں میں اپنی باری کے منتظر ہیں۔ سماجی فاصلے کا اصول نظر انداز کرتے ہوئے شہری ماسک پہنے بھی کم ہی نظر آئے۔ لیاری جنرل اسپتال کے ویکسی نیشن سینٹر میں گھنٹوں سے قطاروں میں لگے شہریوں کا صبر جواب دے گیا۔ عوام کی دھکم پیل، دروازہ کھول کر سینٹر میں داخل ہونے کی کوشش شروع ہو گئی۔ پولیس نے شہریوں پر ڈنڈے برسا دیئے۔

صوبائی حکومت نے عوام کے رش کے باعث نو ویکسی نیشن مراکز چوبیس گھنٹے فعال رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ ڈائو یونیورسٹی اوجھا کیمپس ویکسی نیشن کیلئے چوبیس گھنٹے کر دیا گیا۔ خالقدینا ہال ایم اے جناح روڈ ویکسین سینٹر بھی چوبیس گھنٹے کھلا رہے گا۔ سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال نارتھ ناظم آباد ، سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی سے بھی چوبیس گھنٹے ویکسین لگوائی جا سکے گی۔ جناح ، قطر اسپتال اورنگی، مراد میمن گوٹھ سینٹر اور کورنگی اسپتال ویکسین سینٹرز بھی چوبیس گھنٹے فعال کر دیا گیا۔

دوسری جانب صوبے بھر میں چھ روز کے دوران ریکارڈ ویکسی نیشن کی گئی۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں چھ لاکھ سے زائد ڈور لگائے گئے۔ اکتیس جولائی کو کراچی میں اکہتر ہزار تین سو نواسی افراد نے پہلی ڈوز لگوائی جبکہ تیرہ ہزار سات سو بیالیس افراد نے دوسری ڈوز لگوائی۔