Friday, May 17, 2024

کورونا پر بڑے فیصلے لئے ، عمل کرنا صوبوں کی ذمہ داری ہے ، اسد عمر

کورونا پر بڑے فیصلے لئے ، عمل کرنا صوبوں کی ذمہ داری ہے ، اسد عمر
May 10, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی  اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس پر بڑے فیصلے لئے جا چکے ہیں ، عمل کرنا صوبوں کی ذمہ داری ہے ۔

اسد عمر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی ، لاہور  ، پشاور ، کوئٹہ اور لاڑکانہ میں کیسز بڑھ رہے ہیں ، پورے ملک کو بند کرنے کی بجائے زیادہ متاثرہ علاقے بند کریں گے ، بیروزگاری اور آمدن ختم ہونے کی صورت میں لوگ قیمت ادا کر رہے ہیں ، وباء کے پھیلاؤ کی صورت میں اس کا مقابلہ کرنے کیلئے نظام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ لوگوں کی تکالیف کا وزیر اعظم کو احساس ہے ، پنجاب کے 359 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ، کل کورونا کے 85 مریض وینٹیہ لیٹر پر تھے ، وباء پھیل رہی ہے ،ملک میں کورونا ٹیسٹ کیلئے لیبارٹریوں کی تعداد70 تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑے فیصلے ہو چکے ہیں ، اب عملدرآمد کا وقت ہے ، زندگی کا پہیہ چلانے کیلئے جانوں کو بھی محفوظ بنانا ہے ، این سی سی کے فیصلے کو پورے ملک میں نافذ کیا جائے گا،فیصلوں میں ہمیشہ ایک سے زیادہ رائے ہوتی ہے۔