Friday, April 26, 2024

کورونا، پاک بحریہ کی ساحلی علاقوں اور شہروں میں راشن کی تقسیم

کورونا، پاک بحریہ کی ساحلی علاقوں اور شہروں میں راشن کی تقسیم
April 2, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاک بحریہ نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ساحلی علاقوں اور ملک کے بیشتر شہروں میں راشن تقسیم کیا۔ جہاں پوری قوم کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے حالات کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہے وہاں پاک بحریہ لاک ڈاون کے سبب متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے میں کوشاں ہے۔ پاک بحریہ نے جذبہ خیر سگالی کے تحت گوادر ، پسنی، بن قاسم ، سومیانی ، شاہ بندر ، کیٹی بندر اوردیگر ملحقہ علاقوں کے مستحق خاندانوں کے لیے ایک ماہ کا راشن فراہم کیا۔ علاوہ ازیں پاک بحریہ نے کراچی، لاہور، فیصل آباد، بہاولپور کے علاقوں میں بھی راشن تقسیم کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کے جوانوں نے کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے آگہی مہم کا انعقاد کیا اور ذاتی تحفظ کا سامان بھی تقسیم کیا۔ پاک بحریہ ویمن ایسوسی ایشن نے کراچی میں کم آمدنی والے سیویلین اسٹاف، ماہی گیروں کی ایسوسی ایشن اور اسلام آباد کے کورونا وائرس سے متاثرہ علاقہ بارہ کہو اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی راشن کی تقسیم کی۔ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ اس عظیم قومی مقصد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔