Tuesday, May 7, 2024

کورونا ٹاسک فورس کا ہنگامی اجلاس ، ریستوران اور شاپنگ مال 15 دن کیلئے بند کرنے کا فیصلہ

کورونا ٹاسک فورس کا ہنگامی اجلاس ، ریستوران اور شاپنگ مال 15 دن کیلئے بند کرنے کا فیصلہ
March 17, 2020
کراچی (92 نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ہوٹل، ریستوران اور شاپنگ مال 15 دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے عوام کو گھروں تک محدود کرتے ہوئے جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔ سندھ بھر میں تمام ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز، پبلک پارکس، الیکٹرانکس مارکیٹیں پندرہ روز کیلئے بند کر دی جائیں گی ۔ سرکاری دفاتر ،تمام عوامی مراکز، کلب اور سی ویو بھی بند رہے گا۔ انٹرا سٹی بس سروس  بھی بند کردی جائے گی ۔ حکومت سندھ کے فیصلوں کا اطلاق کل سے ہو گا تاہم  کریانہ، سبزی، گوشت، دودھ دہی کی دکانیں معمول کے مطابق  کھلی رہیں گی جبکہ وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ  نے کرفیو لگانے کا عندیہ دے دیا۔ ادھر وزیراعلیٰ سندھ کا کورونا وائرس فنڈ بھی قائم کر دیا گیا۔ صوبائی وزرا، مشیران، معاون خصوصی اور دیگر حکام ایک ماہ کی تنخواہ دیں گے۔ سکھر لیبر کالونی کا ایک بلاک عارضی اسپتال میں تبدیل کیا جائے گا۔ قرنطینہ میں موجود زائرین کے اہلخانہ کو راشن دیا جائے گا۔ بلوچستان میں ڈاکٹرز نے قرنطینہ سنٹرز جانے سے انکار کر دیا۔ خیبرپختونخوا میں 50 سال سے زائد عمر کے سرکاری ملازموں کو 15 دن کی چھٹی دے دی گئی ۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دن بہ دن بڑھنے لگی ۔ ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 219 ہو گئی۔ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 155 ہو گئی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب میں کورونا وائرس کے 26 مریضوں کی تصدیق کی ہے۔ بلوچستان میں کوروانا وائرس کے مریضوں میں اضافہ سے تعداد 16 ہو گئی ۔ خیبرپختونخوا میں بھی کورونا وائرس کے 15 مریض سامنے آ چکے ہیں۔ اسلام آباد میں 4، گلگت بلتستان میں 3 کیسز رپورٹ کیے گئے جبکہ  ملک میں کورونا کے 2 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔