Friday, May 17, 2024

کورونا ویکسینیشن کے پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرزمستفید ہونگے، این سی او سی

کورونا ویکسینیشن کے پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرزمستفید ہونگے، این سی او سی
December 31, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) انسداد کورونا وائرس کی ویکسینیشن کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی۔ پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائےگی۔ پھر بزرگ شہریوں کی باری آئے گی۔ ویکسین چین سے خریدنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں جنرل حمود الزمان کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں معاون خصوصی ہیلتھ ڈاکٹر فیصل سلطان، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور خسرو بختیار، معاون خصوصی ثانیہ نشتر، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

قومی کوآرڈینیٹر این سی او سی جنرل حمود الز زمان نے بریفنگ میں بتایا کہ پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔ اگلے مرحلے میں مہلک وائرس کے خطرے سے دوچار 65 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ این سی او سی نے این آئی ٹی بی کے اشتراک سے خصوصی آن لائن نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم تیار کرلیا۔

جنرل حمود الز زمان نے بتایا کہ ویکسین ایڈمنسٹریشن سیل تمام ڈسٹرکٹ اینڈ تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال اور ریجنل ہیلتھ سینٹرز میں قائم کیے جائیں گے۔ ویکسینیشن کے لئے ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دی جائے گی۔ تربیتی عمل وفاقی دارالحکومت اور صوبائی سطح پر شروع کیا جائے گا۔

دوسری جانب کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے انسداد کورونا ویکسین چین سے خریدنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وفاقی وزیر فواد چودھری نے ٹویٹ میں بتایا کہ ویکسین چین کی کمپنی سائنو فارم سے خریدی جائےگی۔۔ابتدائی طور پر12  لاکھ ڈوز خریدی جائیں گی۔