Friday, May 17, 2024

کورونا ویکسین کی قیمت کا تعین ڈرگ پرائس فارمولہ کے تحت کیاگیا،سیکرٹری ہیلتھ

کورونا ویکسین  کی قیمت کا تعین  ڈرگ پرائس فارمولہ کے تحت کیاگیا،سیکرٹری ہیلتھ
March 24, 2021

اسلام آباد ( 92 نیوز) ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے کورونا ویکسین نجی شعبے کے لیے منگوانے پر تشویش کی گئی ، جس پر سیکرٹری ہیلتھ عامر خواجہ نے جوابی خط لکھا جس میں کہا گیا کہ ڈرگ پرائس فارمولے کے تحت قیمت کا تعین کیا گیا۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے کورونا ویکسین نجی شعبے کے لیے منگوانے پر تشویش کے جواب میں سیکرٹری ہیلتھ نے خط لکھ دیا، کہا کہ گزشتہ ایک سال میں حکومت پاکستان نے وباء کو کنٹرول کرنے کے لیے سرتوڑ کوششیں کیں، عالمی برادری نے کورونا کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کیا اور عدالتوں نے بھی کورونا کے خلاف حکومتی کاوشوں کو انڈورس کیا ہے۔

وائس چیئرپرسن ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ زیادہ نازک افراد کی مناسبت سے ویکسی نیشن کا آغاز کیا، شہریوں کی ویکسی نیشن میں نجی شعبے کی شمولیت زیادہ سے زیادہ شہریوں کو فائدہ دینے کا حصہ ہے، فری مارکیٹ ریٹ سے بچنے کے لیے ڈرگ پرائس فارمولے کے تحت قیمت کا تعین کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ قیمت کا تعین سے مارکیٹ میں مقابلے کا ماحول برقرار رہ سکے گا۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی وائس چیئر پرسن جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ جاوید اقبال نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے کرونا ویکسین کی نجی اداروں کے ذریعے درآمد اور فروخت کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین مفت لگنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو صحت، تعلیم اور تحفظ کی سہولتیں فراہم کرے گی۔