Wednesday, May 22, 2024

کورونا ویکسین پر بھی سیاست کی جارہی ہے ، اسد عمر

کورونا ویکسین پر بھی سیاست کی جارہی ہے ، اسد عمر
February 1, 2021

شکارپور (92 نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کورونا ویکسین پر بھی سیاست کی جارہی ہے۔

اسد عمر نے شکارپور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ویکسین  پر بھی سیاست کی جارہی ہے، شرم کی بات ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ کورونا سے نمٹنے کیلئے وفاق نے اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر سندھ کے شہروں کا دورہ کر رہا ہوں۔ کراچی کی طرح دوسرے شہروں کو پیکیج دینا چاہتے ہیں۔ جلد وزیراعظم کو یہاں لیکر آئیں گے تاکہ وہ عوام سے بات کر سکیں۔

اسد عمر نے کہا سندھ میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کام نہیں کیا جارہا۔ کچے کے علاقوں میں جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سندھ میں جنگل کا قانون ہے۔ بلاول بھٹو ڈیڈ لائن دیتے رہتے ہیں ،سنجیدہ نہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا سندھ حکومت کے ظلم و جبر کی بات کی جائے تو 18 ویں ترمیم کا واویلا کیا جاتا ہے۔ سندھ کے عوام اتنے ہی عزیز ہیں جتنے کہیں اور کے۔ یہ نہیں ہوسکتا سندھ میں جبر ہو ، لوگوں کو انصاف نہ ملے اور وفاق خاموش رہے۔