Friday, March 29, 2024

کورونا ویکسین بنانے کے قریب ہیں لیکن ابھی انسانوں پر تجربہ نہیں کر رہے ، ڈونلڈ ٹرمپ

کورونا ویکسین بنانے کے قریب ہیں لیکن ابھی انسانوں پر تجربہ نہیں کر رہے ، ڈونلڈ ٹرمپ
April 24, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کورونا ویکسین بنانے کے قریب ہیں لیکن ابھی انسانوں پر تجربہ نہیں کر رہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا ٹاسک فورس کے ساتھ پریس بریفنگ کے دوران ایسی تجاویز دیں کہ ہر ذی شعور شخص نے کانوں کو ہاتھ لگا لیے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر جسم میں جراثیم کُش کیمیکلز کو انجیکٹ کر دیا جائے تو ممکنہ طور پر کورونا وائرس کو ختم کیا جاسکتا ہے ۔ پریس بریفنگ کے دوران ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی کے سینئر اہلکار اور سابق فوجی بل برائن نے رپورٹ پیش کی کہ کورونا وائرس سورج کی روشنی اور حبس میں کمزور ہو جاتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ اس سے بھی دو ہاتھ آگے نکل گئے اور خطرناک الٹرا وائلٹ شعاعوں کے ذریعے وائرس کو ختم کرنے کی تجویز دے ڈالی ۔ دوسری جانب طبی ماہرین نے ٹرمپ کے ان بیانات کو غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک قرار دے دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ جراثیم کش کیمیکلز استعمال کرنے سے موت واقع ہو جاتی ہے اور جہاں تک تیز دھوپ اور الٹرا وائلٹ شعاعوں کی بات ہے  تو فرانسیسی ماہرین کہتے ہیں کہ کورونا وائرس ساٹھ ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بھی ختم نہیں ہوتا۔