Monday, May 13, 2024

کورونا ویکسین اصل قیمت پر فراہم کرنے یا مفت لگانے کی قرارداد سینیٹ میں منظور

کورونا ویکسین اصل قیمت پر فراہم کرنے یا مفت لگانے کی قرارداد سینیٹ میں منظور
April 5, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) کورونا ویکسین اصل قیمت پر فراہم کرنے یا مفت لگانے کی قرارداد سینیٹ میں کثرت رائے سے منظور ہو گئی۔

سینیٹ میں کورونا ویکسین سے متعلق حکومتی اقدامات کےخلاف قرارداد جے یو آئی ف کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے پیش کی۔ قرارداد کی تحریر پر حکومتی اعتراض پر اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے بھی قرارداد کو دوبارہ تحریرکرنے کی ہدایت کی، تاہم کامران مرتضیٰ نے قرارداد دوبارہ تحریرکرنے سے انکار کر دیا۔

قرارداد پر ووٹنگ ہوئی تو 31 کے مقابلے 43 ووٹوں کی اکثریت سے منظور ہو گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اکثر ممالک میں کورونا ویکسین مفت ہے۔ پاکستان میں بہت مہنگی ہے۔ یہاں ویکسین 8 ہزار 400 اور دیگر ممالک میں 1500 روپے کی ہے۔ یہ آئین کے آرٹیکل 38 کی خلاف ورزی ہے۔ پرائیوٹ کمپنی کو ویکسین منگوانے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ حکومت فیصلے پر نظرثانی کرے۔

وزیرمملکت علی محمد خان کا کہنا تھا کہ کوورنا ایک قومی مسئلہ ہے اس پر سیاست نہ کی جائے۔ سینیٹربہرہ مند تنگی نے علی محمد خان کی تقریر پراعتراض کیا تو فیصل جاوید نے انہیں بیٹھنے کا مشورہ دے دیا جس پر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ یہ رویہ غیرمناسب ہے۔ فیصل جاوید نے چیئرمین سینیٹ سے استدعا کی کہ بہرہ مند تنگی کو ایوان سے باہرنکال دیں۔ چئیرمین نے معاملہ رفع دفع کرا دیا۔ بعد ازاں سینٹ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔