Friday, April 26, 2024

کورونا کے باعث پاکستان میں بیروزگاری میں اضافہ ، ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں انکشاف

کورونا کے باعث پاکستان میں بیروزگاری میں اضافہ ، ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں انکشاف
August 19, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ کورونا وباء کے باعث پاکستان میں بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ تین ماہ میں 15 لاکھ نوجوان نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے کورونا سے بے روزگاری پر رپورٹ کا اجراء کیا ہے جس میں 3 اور 6 ماہ کا جائزہ لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کورونا وباء کے باعث پاکستان میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں 3 ماہ کے دوران 15 لاکھ 6 ہزار نوجوان اپنے روزگار سے محروم ہوئے ہیں، جبکہ اگلے 6 ماہ میں مزید 22 لاکھ 58 ہزار نوجوانوں کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق رئیل اسٹیٹ، مینوفیکچرنگ، ہول سیل و ریٹیل ٹریڈ، رہائشی و فوڈ بزنس کے شعبوں میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہوئی جب کہ تعلیم صحت سمیت دیگر کچھ شعبوں میں بے روزگاری کی شرح کم رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایشیا کے 13 ممالک کورونا وباء سے متاثر ہوئے ہیں اور ان متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان نواں متاثرہ ملک ہے۔ 3 ماہ کے دوران ایشیائی ممالک میں مجموعی طور پر ایک کروڑ نوجوان بے روزگار ہو سکتے ہیں جب کہ 6 ماہ کے دوران ان ممالک میں بے روزگار نوجوانوں کی تعداد بڑھکر ڈیڑھ کروڑ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔