Friday, April 26, 2024

کورونا وباء کیخلاف جنگ میں پشاور کے ڈاکٹرز میاں بیوی زندگی کی بازی ہار گئے

کورونا وباء کیخلاف جنگ میں پشاور کے ڈاکٹرز میاں بیوی زندگی کی بازی ہار گئے
December 31, 2020

پشاور (92 نیوز) کورونا وباء کے خلاف جنگ میں پشاورکے ڈاکٹرزمیاں بیوی نے زندگی کی بازی ہار دی، ریڈیالوجسٹ خولہ جبین گزشتہ روز کورونا سے لڑتے لڑتے جاں بحق ہوئیں چار دسمبر کو ان کے شوہر ڈاکٹراقرارحسین زیدی بھی کورونا کے باعث جاں بحق ہوئے ۔ ڈاکٹروں کی ان قربانیوں پر پشاور کے شہری انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

کورونا وباء نے خیبرپختونخوا کے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا تو صوبے کے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے نے اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں۔ خیبرپختونخوا میں دن رات کورونا وباء کے خلاف لڑتے لڑتے چالیس ڈاکٹرز جان کی بازی ہارگئے۔ ان میں ایک لیڈی ڈاکٹرخولہ جبین بھی ہے جس نے تنہا اس جنگ میں جان نہیں دی بلکہ چار دسمبرکو ان کے شوہر ڈاکٹر اقرار حسین زیدی بھی زندگی کی بازی ہارچکے ہیں۔

ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر خولہ جبین ایک ماہ تک حیات آباد میڈیکل کمپلکس میں کے کورونا آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد اس جہاں سے کوچ کر گئیں۔ پشاور کے شہری ڈاکٹرخولہ جبین ان کے شوہر کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتے ہیں۔

یقیناً خولہ اور ان کے شوہر نے دوسروں کی زندگیاں بچانے کی ہمیشہ کوشش کی اور اسی کوشش میں وہ خود اپنی جانیں قربان کر گئے اس وبا کو شکست دینے کا ایک ہی راستہ ہے اور وہ کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد ہے ۔