Friday, April 26, 2024

کورونا وبا کا خدشہ ، سندھ بھر میں نماز جمعہ سمیت نمازوں کے اجتماعات پر پابندی عائد

کورونا وبا کا خدشہ ، سندھ بھر میں نماز جمعہ سمیت نمازوں کے اجتماعات پر پابندی عائد
March 27, 2020
کراچی (92 نیوز) کورونا وبا کے خدشے کے باعث سندھ بھر میں نماز جمعہ سمیت نمازوں کے اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی۔ اطلاق آج سے 5 اپریل تک ہو گا۔ صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصرحسین شاہ نے کہا مساجد کھلی رہیں گی، اذان بھی دی جائے گی مگر جمعہ اور دیگر باجماعت نمازوں میں 3 سے 5 افراد شامل ہوں گے۔ کورونا وائرس کے پیش نظر وفاق اور دیگر صوبوں میں نماز جمعہ کے اجتماعات کو محدود رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نےکہا  مساجد بند نہیں کر رہے، نماز جمعہ ہو گی مگر اجتماعات کو محدود رکھا جائے گا۔ بچے اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد مساجد میں نہ آئیں۔ محکمہ داخلہ بلوچستان نے بھی کورونا کی احتیاطی تدابیر کے تناظر میں نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے ایڈوائزری نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام بڑی مساجد نماز جمعہ کیلئے کھلی رہیں گی۔ نماز جمعہ کی جماعت میں مسجد کے پیش امام کے علاوہ 3 سے 5 افراد شریک ہوں گے۔ عوام الناس گھروں میں نماز ادا کریں گے۔ ادھر پنجاب میں کورونا سے بچاؤ کیلئے جمعتہ المبارک کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی۔ صوبائی وزیر اوقاف کی ہدایت پر صوبہ بھر کی مساجد میں نمازجمعہ کا خطبہ مختصر دیا جائے گا۔ نماز جمعہ کے اجتماع میں کم از کم ایک صف کا فاصلہ رکھا جائے گا۔ حکومتی ہدایت کے بعد لاہور کی بادشاہی مسجد، جامع مسجد داتا دربار سمیت صوبہ بھر کی 435 وقف مساجد سے قالین، صفیں اور دریاں اٹھا دی گئی ہیں۔ عمر رسیدہ افراد، بیمار شہریوں اور بچوں کو مساجد میں نہ آنے کی ہدایات کی گئی ہے۔