Thursday, May 9, 2024

کورونا وبا معاشرتی، معاشی اور انسانیت سوز بحران کے طور پر سامنے آئی ہے ، منیر اکرم

کورونا وبا معاشرتی، معاشی اور انسانیت سوز بحران کے طور پر سامنے آئی ہے ، منیر اکرم
January 28, 2021

نیو یارک (92 نیوز) پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کورونا وبا معاشرتی، معاشی اور انسانیت سوز بحران کے طور پر سامنے آئی ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 75 واں غیر رسمی اجلاس ہوا۔ پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے خطاب میں کہا دسمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے کورونا سے متعلق ہنگامی اجلاس بلایا۔ کورونا سے متعلق اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ہنگامی اقدامات لائق تحسین ہیں۔ اقوام متحدہ کو غیر معمولی حالات میں کام کرنے کا چیلنج ہے۔

منیر اکرم بولے کوویڈ 19 وبا معاشرتی، معاشی اور انسانیت سوز بحران کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔ کورونا وبا نے غریب ترین اور انتہائی کمزور لوگوں اور ممالک کو غیر متناسب طور پر متاثر کیا ہے۔ کورونا نے تقریبا 100 ملین افراد کو انتہائی غربت کی طرف دھکیل دیا ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں لاکھوں ملازمتوں کا نقصان ہوا ہے۔

 انہوں نے کہا کورونا کے خلاف صحت اور معاشی بحران سے باز آوری کے لئے قلیل مدتی اور طویل المیعاد اقدامات پر متفق ہونا ضروری ہے۔ نسل پرستی اور عدم مساوات کی لعنت کو دور کرنے کے لئے بھر پور کوشش کرنا چاہئے۔