Tuesday, April 23, 2024

کورونا وائرس کے پیش نظر پشاور میں جزوی لاک ڈاؤن

کورونا وائرس کے پیش نظر پشاور میں جزوی لاک ڈاؤن
March 22, 2020

پشاور ( 92 نیوز) کورونا وائرس کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت پشاور میں منگل تک تمام شاپنگ مالز، ماکیٹ اور ریسٹورنٹس بند رہیں گے تاہم ادویات کی دکانیں، کریانہ سٹورز، اشیائے خورو نوش کی دکانیں اور دیگر ضروری دکانیں کھلی رہیں گی۔

پشاور میں شاپنگ مالز، مارکیٹیں اور ریسٹورانٹس بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا تاہم ادویات، اشیائے خورد و نوش اور آٹے کی دکانیں، کریانہ سٹورز، پٹرول پمپس، سی این جی سٹیشنز اور آٹو ورکشاپس کھلے رہیں گے۔

صوبے میں بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ، بس کے ان تمام اڈوں کو بند کر دیا گیا ہے جہاں سے دوسرے شہروں کے لئے گاڑیاں جاتی ہیں، دوسرے شہروں کے لئے رینٹ اے کار سروس بھی بند کر دی گئی ہے، اڈوں ، ہوٹلوں اور پارکنگ سے بھی رینٹ اے کار پر پابندی ہوگی تاہم شہر کے اندر چلنے والی ٹرانسپورٹ، نجی اور مال بردار گاڑیاں اس سے مستثنیٰ ہوں گی۔

کورونا کے باعث خیبر پختونخوا میں 3 افراد جان بحق ہوئے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 31 ہو گئی ہے۔ تفتان سے مزید 132 زائرین بھی پیر کے روز پشاور پہنچیں گے جن کے لئے ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کو قرنطینہ سنٹر قرار دیا گیا ہے۔