Tuesday, May 14, 2024

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ ، سعودی عرب کا 20 ممالک کے شہریوں کا ملک میں داخلہ معطل

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ ، سعودی عرب کا 20 ممالک کے شہریوں کا ملک میں داخلہ معطل
February 3, 2021

ریاض (92 نیوز) کورونا وائرس کی نئی مہلک قسم کے پھیلاؤ کے خطرے پر سعودی عرب نے پاکستان سمیت 20 ممالک کے شہریوں کا ملک میں داخلہ معطل کر دیا ہے۔

سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وباء سے تحفظ کیلئے غیرملکی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ سعودی وزارت داخلہ نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا 20 ممالک کے باشندوں پر سعودی عرب میں داخل ہونے پر عارضی بابندی ہو گی۔ سعودی شہریوں، سفراء، شعبہ صحت سے وابستہ افراد اور ان کے خاندانوں پر بھی فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔

سعودی وزارت داخلہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ 20 ممالک کے افراد پر ملک میں داخلے پر پابندی کا اطلاق پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 11 بجے سے ہو گا اور تا حکم ثانی جاری رہے گا۔

جن ممالک کے باشندوں پر سعودی عرب میں داخلے پر پابندیاں عائد کی گئیں ان میں پاکستان، امریکا، جرمنی، بھارت، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا ،ارجنٹائن، آئرلینڈ، اٹلی ،برازیل، پرتگال، برطانیہ، ترکی، جنوبی افریقہ، سویڈن، سوئٹزرلینڈ ، فرانس، لبنان، مصر، بھارت اور جاپان شامل ہیں۔