Thursday, May 9, 2024

کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ، پنجاب کے 7 اضلاع میں اسکولوں کو دو ہفتوں تک بند رکھنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ، پنجاب کے 7 اضلاع میں اسکولوں کو دو ہفتوں تک بند رکھنے کا فیصلہ
March 10, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ ہونے پر پنجاب کے سات اضلاع میں اسکولوں کو دو ہفتوں تک بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

ملک میں جاری کورونا صورتحال سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

فیصلوں سے متعلق میڈیا بریفنگ میں وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر فیصل آباد ، سیالکوٹ ، ملتان ، لاہور ، گجرات ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ اور اسلام آباد میں 15 مارچ سے 28 مارچ تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ سندھ اور بلوچستان میں 50  فیصد بچے روز اسکول آسکیں گے۔

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دفاتر 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھلیں گے۔ تفریحی مقامات شام 6 بجے تک بند کرنا ہونگے۔ ہوٹلوں اور شادی ہالز کے اندر 15 مارچ سے کھانے کی اجازت دینے کا فیصلہ معطل کر دیا گیا۔ ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے باہر بیٹھ کر کھانا کھانے کی اجازت ہو گی۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ان تمام فیصلوں پر دوبارہ نظر ثانی 12 اپریل کو کی جائے گی۔‏ ماسک کے استعمال پر مسلسل زور دے رہے ہیں۔ بیماری کے پھیلاؤ کے تناسب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگاتے رہیں گے ۔

شفقت محمود نے کہا کہ ‏صوبائی حکومتیں حالات خراب ہونے پر اسکول بند کر سکتی ہیں۔ ‏صوبائی حکومتیں باریک بینی سے معاملات کا جائزہ لیں۔