Sunday, May 5, 2024

کورونا وائرس کے علاج کیلئے ڈیکسامیتھازون دوا کے استعمال کا جائزہ لیا جائیگا، ظفر مرزا

کورونا وائرس کے علاج کیلئے ڈیکسامیتھازون دوا کے استعمال کا جائزہ لیا جائیگا، ظفر مرزا
June 17, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ  پاکستان میں ایک تکنیکی ٹیم کوروناوائرس سے انتہائی متاثرہ افراد کے علاج کےلئےڈیکسامیتھازون دوا کے استعمال کا جائزہ لے گی۔

ایک ٹویٹ میں انہوں نے نشاندہی کی کہ عالمی ادارہ صحت نے برطانیہ کی جانب سے ابتدائی آزمائشی تجربات کے نتائج کا خیرمقدم کیا ہےجس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ڈیکسامیتھازون دوا کے استعمال سے کوروناوائرس سے انتہائی متاثرہ مریضوں کی زندگی بچا ئی جاسکتی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ یہ ایک سوزش کے تدارک کی دوائی کا ایک پرانا اور سستا انجکشن ہے اور پاکستان میں اس دوائی کو بہت سی کمپنیاں تیار کرتی ہیں۔

 تاہم معاون خصوصی نے خبردار کیا کہڈیکسامیتھازون کوروناوائرس سے انتہائی متاثرہ مریضوں کےلئے ہے جو آکسیجن اور وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ یہ دوائی ابتدائی یا اس کے بعد کے درجے کے متاثرین کےلئے استعمال نہیں کرنی چاہیے اور اس کا خود سے استعمال سخت منع ہے جو خطرناک ہوسکتی ہے کیونکہ اس دوائی کے مضراثرات ہوسکتے ہیں۔