Saturday, April 20, 2024

کورونا وائرس کے شکار برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی حالت سنبھل گئی

کورونا وائرس کے شکار برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی حالت سنبھل گئی
April 8, 2020
 لندن (92 نیوز) کورونا وائرس کے شکار برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی حالت سنبھل گئی۔ بورس جانسن میں نمونیا کی تشخیص نہیں ہوئی۔ ترجمان 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے مطابق بورس جانسن بغیر کسی سپورٹ سانس لے سکتے ہیں۔ وزیر اعظم بورس جانسن سینٹ تھامس اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ اس سے قبل کورونا وائرس سے متاثر برطانوی وزیر اعظم کی حالت بگڑ گئی تھی جس پر بورس جانسن کو لندن کے مقامی اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔ ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ لندن کے سینٹ تھامس اسپتال میں زیرعلاج برطانوی وزیراعظم کو حالت مزید بگڑنے پر انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ آئی سی یو منتقلی سے قبل بورس جانسن نے وزیرخارجہ ڈومینیک راب کو اپنی ذمہ داریاں سونپ دی تھیں اور اب حکومتی امور انہی کے ذمہ ہیں۔ بورس جانسن کی آئی سی یو منتقلی پر نہ صرف برطانوی شاہی خاندان، عوام اور سیاسی رہنماؤں بلکہ عالمی رہنماؤں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون، آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن، آئرش وزیراعظم لیو وارادکر، یورپین کمیشن کی سربراہ ارسلا وون ڈر لین اور عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس آدھنم سمیت متعدد رہنماؤں نے بورس جانسن کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔