Tuesday, April 23, 2024

کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان سپرلیگ فائیو ملتوی

کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان سپرلیگ فائیو ملتوی
March 17, 2020
 کراچی (92 نیوز) کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان سپرلیگ فائیو ملتوی ہو گیا۔ آج شیڈول سیمی فائنلز اور کل ہونےوالا فائنل نہیں ہو گا۔ پی ایس ایل فائیو کا میلہ بالآخر کورونا کی نظر ہو ہی گیا۔ پی سی بی نے پی ایس ایل فائیو کو ملتوی کر دیا۔ پی سی بی نے فرنچائز مالکان اور براڈ کاسٹرز سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا  ۔ تمام کھلاڑیوں، کمنٹیٹرز، براڈ کاسٹرز  کے  آج ہی کرونا ٹیسٹ بھی کرائے جائیں گے۔ سی ای او پی سی بی وسیم خان نے فیصلے کے حوالے سے پریس کانفرنس میں آگاہ کیا۔ کرونا وائرس کے باعث  آخری گروپ اور ناک آؤٹ اسٹیج کے  میچز تماشائیوں سے خالی اسٹیڈیمز میں کرانے کا فیصلہ ہوا تاہم غیر ملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں اپنے ملکوں کو واپسی نے ٹیموں کے لیے مسائل کھڑے کیے۔ پی سی بی نے کورونا وائرس کی وجہ سے ٹورنامنٹ کا دورانیہ کم کرتے ہوئے  دونوں پلے آف اور ایلیمینٹر ختم کرکے انکی جگہ دو سیمی فائنلز متعارف کرائے تھے۔ آج 2 بجے پہلے سیمی فائنل میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی ، شام سات بجے دوسرے سیمی فائنل میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز نے مدمقابل آنا تھا۔ ایونٹ کا فائنل کل قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا۔ ملتان سلطانز کے ٹاپ آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر پیغام میں لکھا پی ایس ایل کے اختتام پر دکھ ہوا مگر صحت سب سے بڑھ کر ہے۔ بہتر ہوتا کہ فیصلہ پہلے کرلیا جاتا ۔ آفریدی نے شائقین سے استفسار کیا کہ کیوں نہ پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ ٹیم کو ٹرافی دیدی جائے۔ لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر  محمد حفیظ نے پی سی بی کے اقدام کو سراہا۔ گروپ اسٹیج کے اختتام پر ملتان سلطانز 14 پوائنٹس کیساتھ سرفہرست رہی۔ کراچی کنگز دوسرے، لاہور قلندرز تیسرے ، پشاور زلمی چوتھے نمبر پر رہی۔ ٹائٹل کا دفاع کرنیوالی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دوبار کی چیمپئن  اسلام آباد یونائٹیڈ کا سفر گروپ اسٹیج میں ہی  ختم ہو گیا۔ گروپ اسٹیج میں کراچی کنگز کے بابر اعظم 345 رنز بنا کر ٹاپ اسکور رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے سب سے زیادہ 15 وکٹیں حاصل کیں۔