Saturday, April 27, 2024

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کے پیش نظر پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کے پیش نظر پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز
March 17, 2020
لاہور (92 نیوز) صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کے پیش نظر پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز زیر غور آ گئی۔ پنجاب میں کورنا وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی۔ ایسے میں پنجاب حکومت نے بھی ہاتھ کھڑے کر دیئے اور محکمہ داخلہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فوج طلب کرنے کی سفارش کر دی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے تین بڑے اسپتالوں کا کنٹرول پاک فوج کو دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ پنجاب میں مزید دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ گجرات اور ڈی جی خان میں کورونا کا ایک ایک نیا کیس رپورٹ ہوا ہے۔ ترجمان ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد آٹھ ہو گئی۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہور میں ایک کنفرم مریض اور بیالیس  مشتبہ مریض آئسولیشن وارڈز میں زیر نگرانی ہیں۔ کنفرم مریض میواسپتال میں زیرعلاج ہے۔ ملتان میں رپورٹ ہونے والے مشتبہ مریض کی لیب رپورٹ این آئی ایچ سے موصول نہیں ہوئی۔ ترجمان کے مطابق ایک مریض کنفرم ہوا، نواسی کو لیب ٹیسٹ کلئیر ہونے پر ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔ بیالیس مشتبہ افراد کا رزلٹ آنا باقی ہے، دس مشتبہ افراد کو معائنہ کے بعد کوئی علامت نہ ہونے پر فوری ڈسچارج کر دیا گیا۔ اس دوران میواسپتال لاہور میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریض کی موت کے بعد اس کا کورونا کا ٹیسٹ نیگٹو آ گیا۔ وزارت قومی صحت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم نے مریض کی ہلاکت کو ویب سائٹ سے ہٹا دیا ہے۔ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے کورونا کے پیش نظر سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین کی تعداد کو کم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ کورونا کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر ون پیشنٹ ون اٹینڈنٹ پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں کام کرنے والے ملازمین کے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔ وفاقی وزارت صحت نے ملک بھر میں فارما سیوٹیکل کمپنیوں کے سیمینار، کانفرنسز، سمپوزیم ، ورکشاپ کے انعقاد کروانے پر پابندی عائد کر دی۔ کھیلوں کی بات کی جائے تو پی سی بی نے کرونا وائرس کے پیش نظر سیمی فائنل اور فائنل مقابلے ملتوی کر دیئے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے شائقین کرکٹ کو میچ دیکھنے پر پابندی لگائی گئی تھی۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کی ہدایت پر نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں جراثیم کش ادویات کا سپرے کیا گیا۔ کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر لاہور ہائی کورٹ کیفے یٹیریا میں کھانے کی سہولت بند کر دی گئی۔ دیپالپور میں کورونا وائرس کے خطرات کے باوجود دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی جاری رہی۔ اراضی ریکارڈ سنٹر پر رش کم نہ ہوا، سنٹر پر نہ ہی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ گوجرانوالہ کے سول اسپتال میں بھی شہریوں کا رش کم ہوا نہ ہی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس دوران وزیراعلیٰ نے کورونا وائرس کے معاشی اثرات کا جائزہ لینے کے لئے وزیر خزانہ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کر دی۔