Friday, May 17, 2024

کورونا وائرس کے بعد اگلی وبا خشک سالی ہو سکتی ہے ، اقوام متحدہ

کورونا وائرس کے بعد اگلی وبا خشک سالی ہو سکتی ہے ، اقوام متحدہ
June 18, 2021

نیو یارک (92 نیوز) اقوام متحدہ نے خبردار کر دیا کہ کورونا وائرس کے بعد اگلی وبا خشک سالی ہو سکتی ہے۔

قدرتی آفات کے خطرات کے حوالے سے اقوام متحدہ کی رپورٹ جاری ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق پانی کی قلت اور خشک سالی بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کیلئے تیارہے۔ عالمی درجہ حرارت میں اضافے سے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ 1998 سے 2017 تک خشک سالی سے 124 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا اور ڈیڑھ ارب افراد متاثر ہوئے۔

اقوا م متحدہ کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ نے جنوبی یورپ اور مغربی افریقہ میں خشک سالی کے عمل کو تیز کر دیا ہے۔ اگر دنیا نے کوئی قدم نہ اٹھایا تو خشک سالی سے متاثرہ افراد کی تعداد میں ڈرامائی طور پر اضافہ ہو سکتا ہے۔ رواں برس 130 ممالک خشک سالی کے بڑے خطرے کا سامنا کر سکتے ہیں۔ دنیا کے 23 ممالک کو آبادی میں اضافے کی وجہ سے پانی کی کمی کا سامنا ہو گا۔ 38 ممالک کو پانی کی قلت اور خشک سالی دونوں کے خطرے کا سامنا کرنا پڑے گا۔