Tuesday, April 16, 2024

کورونا وائرس کے باعث متعدد ممالک کے عوام اشیاء ذخیرہ کرنےلگے ‏

کورونا وائرس کے باعث متعدد ممالک کے عوام اشیاء ذخیرہ کرنےلگے ‏
March 19, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) کورونا وائرس کے پھیلاؤ اورکئی ممالک میں لاک ڈاون سے اسٹورز کے باہر لمبی قطاریں لگ گئیں ، عوام نے کھانے پینے کی اشیا کو ذخیرہ کرنا بھی شروع کر دیا ، حکومتوں نے شہریوں سے اشیا ضروریہ کی اضافی خریداری نہ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ کھانے پینے کی اشیا کی قلت پیدا نہ ہو۔

کورونا وائرس نے دنیا کے نظام کو تہس نہس کر کے رکھ دیا ، ہر شخص خوف کا شکار ہے ، ہیجان عروج پر پہنچ گیا ، دنیا بھر میں لوگوں نے اشیائے ضرورت کی اشیا ذخیرہ کرنا شروع کر دیں۔

امریکا میں وائرس سے ہلاکتوں میں روز بروز اضافہ ہونے لگا ہے۔ اس صورتحال میں عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں اور لوگ دھڑا دھڑ ضروریات زندگی کی اشیا خرید کر رہے ہیں۔ ریاست کیلیفورنیا میں ایک سپر اسٹور کے باہر لوگوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور انہیں اپنی باری کے لیے انتظار کرنا پڑا۔

برطانیہ میں بھی وائرس نے عوام کو خوفزدہ کردیا ہے اور لوگوں نے سپر مارکیٹس کے شیلف کے شیلف خالی کر دیے ہیں اوراپنے گھروں کو سامان سے بھر دیا ہے ، سپرمارکیٹس کی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے ذمہ دارانہ طریقے سے اشیا خریدنے کی درخواست کی گئی ہیں۔

فرانس میں بگڑتی ہوئی صورتحال اور لاک ڈاؤن نے شہریوں کو ڈرا دیا اور سپر اسٹورز کے باہرلوگوں نے گھنٹہ گھنٹہ اپنی باری کا انتظارکیا اورکثیر تعداد میں چیزیں خرید لی۔ روس کے دارالحکومت ماسکو میں بھی اسٹورز خالی ہوچکے ہیں جس سے اشیا کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔