Friday, April 26, 2024

کورونا وائرس کے باعث زندگی منجمد ، ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی

کورونا وائرس کے باعث زندگی منجمد ، ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی
April 22, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) کورونا وائرس نے پوری دنیا میں زندگی کو منجمدکردیا جس سے ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی کر دی گئی ۔

آلودہ فضا صحت کیلئے دنیا کا سب سے بڑا  مسئلہ  ہے،   ہر سال لاکھوں انسان فضائی آلودگی کے باعث دل، پھیپڑوں اور دیگر بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں۔ صنعتوں اور گاڑیوں سےنائٹروجن ڈائی آکسائیڈ، کاربن مونو آکسائڈ اور سلفر جیسی زہریلی گیسوں کا اخراج فضا کی آلودگی کا سبب ہے۔

پاکستان میں  پائی جانے والی فضائی آلودگی میں گاڑیوں سے نکلنے والے دھویں کا حصہ 54 فیصد  ہے، کورونا وائرس لاک ڈاون کے باعث معمولات زندگی بُری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ لیکن اس کی وجہ سے  آب و ہوا کی آلودگی بھی  کم ہو رہی ہے ۔

لاک ڈاؤن کے بعد اسلام آباد کی ائیر کوالٹی سٹینڈرڈ لیول سے بھی نیچے ریکارڈ کی گئی ہے،  ٹرانسپورٹ کی بندش اور محدود صنعتی سرگرمیاں فضائی آلودگی کو کم کرنے کی بڑی وجہ بنی ہیں۔

ماہرین کہتے ہیں ماحولیاتی تحفظ کے پروٹوکولز پر عملدرآمد اور متبادل انرجی ذرائع کے استعمال سے آلودگی پر مستقل قابو پایا جا سکتا ہے۔