Thursday, April 25, 2024

کورونا وائرس کے باعث بڑی فضائی کمپنیاں بھی بحران کا شکار

کورونا وائرس کے باعث بڑی فضائی کمپنیاں بھی بحران کا شکار
April 29, 2020
 لندن (92 نیوز) کورونا وائرس کے باعث بڑی فضائی کمپنیاں بھی بحران کا شکار ہو گئیں اور ملازمین کو فارغ کرنے لگیں۔ برٹش ایئر ویز نے 12 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ برطانوی فضائی کمپنیوں نے ٹریڈ یونینز کو ری اسٹرکچرنگ  اور ملازمتوں کے خاتمے سے متعلق آگاہ کر دیا۔ ادھر آئس لینڈ کی ایئر لائن نے بھی  مالی نقصان سے بچنے کیلئے 2 ہزار ملازمتیں ختم کر دیں۔ دوسری طرف دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد تقریباً دو لاکھ اٹھارہ ہزار ہو گئی۔ اکتیس لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں۔ روس میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیز ہو گیا جہاں 24 گھنٹوں کے دوران 73 مریض ہلاک ہوئے جب کہ متاثرین کی تعداد ساڑھے 93 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ روسی صدرولادی میر پیوٹن نے کورونا وائرس کی صورتحال کو پیچیدہ قرار دیتے ہوئے لاک ڈاؤن میں گیارہ مئی تک توسیع کر دی۔ کورونا نے امریکا میں تباہی مچا دی۔ چوبیس گھنٹوں میں ڈھائی ہزار کے قریب افراد جان سے گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 59 ہزار سے بڑھ گئی۔ برطانیہ میں مزید 586، اٹلی 382، فرانس 367،اسپین میں 301 اموات ہوئیں۔ سعودی عرب میں 1266 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس سے مجموعی تعداد بیس ہزار 77 ہو گئی جبکہ مزید 8 مریض جاں بحق، اموات 152 تک جا پہنچیں۔