Wednesday, April 24, 2024

کورونا وائرس کے باعث امریکا میں ہلاکتیں 3 ہزار 170 ہوگئیں

کورونا وائرس کے باعث امریکا میں ہلاکتیں 3 ہزار 170 ہوگئیں
March 31, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) کورونا وائرس کے باعث امریکا میں ہلاکتیں 3 ہزار 170 ہوگئیں، متاثرین کی کل تعداد ایک لاکھ 64 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ گزشتہ 3 دنوں میں امریکا میں ہلاکتیں دگنی ہو گئیں، متاثرین کی تعداد میں 5 دنوں کے دوران ایک لاکھ کا اضافہ ہوا۔ عالمی وباء نے دنیا کی سپر پاور کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا، صرف تین دن میں ہلاکتیں دگنی ہو گئیں، مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ 30 مارچ امریکا میں کورونا متاثرین کیلئے قیامت کا دن تھا، جب 573 مریضوں کی ہلاکت رپورٹ ہوئی، گزشتہ 5 روز کے دوران امریکا میں کم و بیش ایک لاکھ افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ ملک میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 64 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی امریکی ریاست نیو یارک ہے، جہاں 67 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثرہوئے جبکہ 1300 سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں۔ طبی ماہرین کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بدترین حالت میں 2 لاکھ امریکی کورونا وائرس کے سبب لقمۂِ اجل بن سکتے ہیں، جبکہ امریکی صدر پہلے ہی ملک گیر ہلاکتوں میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ظاہر کر چکے ہیں۔ دوسری جانب مہلک وبا پر قابو پانے کی کوششیں بھی جاری ہیں، فورڈ موٹرکمپنی اور جنرل الیکٹرک کمپنی نے سو دنوں میں 50 ہزار وینٹی لیٹرز بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔