Saturday, April 20, 2024

کورونا وائرس کے باعث اسپین میں مزید 434 افراد ہلاک ہو گئے

کورونا وائرس کے باعث اسپین میں مزید 434 افراد ہلاک ہو گئے
March 23, 2020
 میڈرڈ (92 نیوز) کورونا وائرس کے باعث اسپین میں مزید 434 افراد ہلاک ہو گئے۔ ایران میں مزید 127، امریکا 48، نیدر لینڈز 34 اور جرمنی میں مزید 21 مریض جان کی بازی ہار گئے۔ دنیا کا کوئی ملک، کوئی خطہ کورونا وائرس سے محفوظ نہ رہ سکا۔ یورپی ممالک مہلک وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں بری طرح ناکام ہے۔ اٹلی اوراسپین کے حالات کورونا کی ہولناکیوں کی داستان سنا رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں 600 سے زائد افراد لقمۂِ اجل بن گئے۔ نتیجتاً مجموعی ہلاکتیں 6 ہزار سے تجاوز کر گئیں جبکہ متاثرین کی کل تعداد تقریباً 64 ہزار ہو چکی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب ہلاک ہونے والوں  میں سے 37 فیصد اٹلی میں ہلاک ہوئے۔ اسپین میں بھی خطرناک وائرس نے تباہی مچا رکھی ہے۔ وبا پھوٹنے کے بعد پہلی بار یومیہ ہلاکتیں 400 سے تجاوز کر گئیں۔ ملک بھر میں مجموعی ہلاکتیں 22 سو سے بھی زیادہ ہو چکی ہیں۔ متاثرین کی تعداد 33 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ برطانیہ میں مزید مریضوں اور ہلاکتوں کی تصدیق کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 330 سے زائد جبکہ کورونا متاثرین کی تعداد 6 ہزار کے قریب جا پہنچی ہے۔ اُدھرامریکا میں کورونا وائرس کے سبب ہلاکتوں میں ہوشربا اضافہ ہونے لگا۔ مزید درجنوں مریض ہلاک ہو گئے جس کے باعث امریکا میں ہلاک کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 480 سے تجاوز کر گئی۔ 40 ہزار سے زائد افراد موذی وبا میں مبتلا بھی ہو چکے ہیں۔ ایران میں کورونا وائرس کے مزید 127 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ مجموعی طور پر 1 ہزار 812 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ ایران میں اب تک 23 ہزار 49 افراد کورونا وائرس سے بیمار ہوئے جن میں سے تقریباً ساڑھے 8 ہزار مریض صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔ فرانس، نیدرلینڈز، سویٹزرلینڈ، جرمنی، بیلجیئم، چین، جنوبی کوریا، ملائیشیا، عراق اور بھارت سمیت متعدد ممالک میں مزید مریض عالمی وبا کی بھینٹ چڑھ گئے جبکہ زمبابوے، نائیجیریا، مونٹی نیگرو اور گیمبیا میں پہلی پہلی ہلاکتوں کی تصدیق ہو گئی۔