Friday, March 29, 2024

کورونا وائرس کی عالمی وبا کو ہلکا نہ لیں ،گلوکار علی ظفر

کورونا وائرس کی عالمی وبا کو ہلکا نہ لیں ،گلوکار علی ظفر
May 13, 2020
لاہور (92 نیوز) گلوکار علی ظفر نے کہا کورونا وائرس کی عالمی وبا کو ہلکا نہ لیں۔ اگر مجبوری ہو تو گھر سے باہر جائیں لیکن سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے۔ گلوکار نے 1918 کے ہسپانوی فلو کی تاریخ کے حوالے سے تصویر  شیئر کی جس میں لکھا ہے کہ ’’انسانیت کو  دوبارہ اُسی غلطی کو دُہرانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے ‘‘۔ معروف گلوکار علی ظفر سوشل میڈیا کے ذریعے کورونا وائرس  کیخلاف سرگرم ہیں۔ علی ظفر نے کورونا سے نمٹنے کیلئے صوبوں کے درمیان تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ قبل ازیں اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں انہوں نے پنجاب حکومت کی کورونا سے نمٹنے کی صلاحیت پر سوال اٹھا دئیے تھے ۔علی ظفر نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو مخاطب کرکے لکھا تھا بزدار صاحب فرنٹ سے لیڈ کریں۔ پنجاب کے اسپتالوں کا کوئی پرسان حال نہیں، ہم ابھی تک صورتحال کی سنگینی کا احساس نہیں کر سکے۔ علی ظفر نے اپنے ٹویٹ میں یہ حیرت انگیز انکشاف کیا تھا کہ انہیں ایک خاتون کا وائس میسیج ملا جس میں اس نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کو کورونا کے شبہ میں لاہور کے گنگارام اسپتال لیکر گئی لیکن انہیں دو گھنٹے تک بٹھائے رکھنے کے بعد علاج کے بجائے گھر جانے کا کہہ دیا  گیا۔ انتظامیہ نے خاتون سے کہا کہ اسپتال کورونا سے نمٹنے کی استعداد کار ہی نہیں رکھتا ۔