Tuesday, May 21, 2024

کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال ، این سی او سی کی ایئر ٹریفک 80 فیصد تک کم کرنے کی ہدایت

کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال ، این سی او سی کی ایئر ٹریفک 80 فیصد تک کم کرنے کی ہدایت
May 1, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر این سی او سی کی جانب سے پاکستان آنے والی ایئر ٹریفک کو 80 فیصد تک کم کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔

وزارت خارجہ، داخلہ، سول ایوی ایشن سمیت تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو مراسلہ ارسال کر دیا۔ مراسلے کے مطابق بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لئے ایڈوائزری جاری کردی گئی۔ پاکستان میں ایئر ٹریفک کو 20 فیصد تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فضائی سفر محدود رکھنے کی پابندیاں 4 سے 20 مئی تک نافذ العمل رہیں گی ۔ 18 مئی کو  موجودہ پابندیوں کے پلان کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا ۔ بیرون ملک سے پاکستان آنے والے تمام مسافروں کو 72 گھنٹے قبل پی سی آر منفی ٹیسٹ رپورٹ دکھانا لازم ہو گا۔

مراسلے میں کہا گیا مسافروں کی پاکستان آمد پر ایئرپورٹ پر دوبارہ پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا ۔ این ڈی ایم اے تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر پی سی آر ٹیسٹ کٹس کی فراہمی یقینی کی پابند ہو گی ۔ مسافر ٹیسٹ پازیٹو ہونے پر دس دن قرنطینہ کرنے کے پابند ہوں گے ۔ مثبٹ رپورٹ پر مسافر کو ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام قرنطینیہ سینٹر بھیجا جائے گا۔ بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کی فاسٹ ٹریک ایپ میں رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی ۔ بیرون ملک سے ملک بدر کئے گئے پاکستانی فاسٹ ٹریک ایپ کی رجسٹریشن سے مستثنی ہوں گے۔

 مزیدبرآں این سی او سی کی سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کو ریوائزڈ ایئر ٹریفک پلان بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر محکمہ صحت عملہ کی 24 گھنٹے موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ ایوی ایشن ڈویژن اور ایئر پورٹ مینجمنٹ کو مسافروں کی ٹیسٹنگ کیلئے محکمہ صحت کو سہولیات فراہم کریں گے۔