Friday, April 26, 2024

کورونا وائرس کو کوششیں کرکے کچھ حد تک کنٹرول کر لیا ہے ، وزیراعلیٰ سندھ

کورونا وائرس کو کوششیں کرکے کچھ حد تک کنٹرول کر لیا ہے ، وزیراعلیٰ سندھ
July 12, 2020
کراچی (92 نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کورونا وائرس کو کوششیں کرکے کچھ حد تک کنٹرول کر لیا ہے۔ سندھ باقی صوبوں کی نسبت ڈبل ٹیسٹنگ کر رہا ہے۔ وفاقی اور سندھ حکومت میں تناؤ کم نہ ہو سکا ۔ صوبائی وزراء کے بعد سندھ کے وڈے سائیں نے بھی وفاقی حکومت کو نشانے پر رکھ لیا ۔ سی ایم ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کو ملک کیلئے آفت قرار دے دیا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ  نے وفاقی حکومت پر ملک میں پولیو پھیلانے کا الزام عائد کیا اور انکشاف کیا کہ گذشتہ سال گلگت بلتستان میں پولیو مہم بچوں کو نا قابل استعمال پولیو ویکسین پلائی گئی جس کے باعث 2019 میں پولیو کیسز بڑھ گئے۔ یہ سراسر مجرمانہ فعل ہے ۔ مراد علی شاہ بولے ایف بی آر ناکام ادارہ ہے۔ وفاقی حکومت ری اسٹرکچرنگ کے نام پر ہر چھ ماہ بعد چیئرمین ایف بی آر بدل دیتا  ہے ۔ کبھی اسد عمر تو کبھی حفیظ شیخ وزیر خزانہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا ملک صرف وفاقی حکومت نہیں تمام صوبے ملکر چلاتے ہیں۔ مراد علی شاہ  نے سندھ میں بجلی کے بحران کے الیکٹرک حیسکو سیپکو پر بھی بات کی ۔ یہ بھی کہا چینی اسکینڈل سے اربوں روپے عوام سےنکالے گئے۔ ٹڈی دل کے مسئلے پر وزیر  اعلیٰ سندھ  بولے کہ یہ عالمی مسئلہ اور آئین کے تحت اسے کنٹرول کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ٹڈی دل کی اگلی لہر ایران سے آنی ہے  اور ہمیں  وفاق کی طرف سے خاطرخواہ اقدامات نظر نہیں آتے۔