Saturday, May 11, 2024

کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار پائے ایک سال بیت گیا

کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار پائے ایک سال بیت گیا
March 12, 2021

جنیوا (92 نیوز) کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار پائے ایک سال بیت گیا، کووڈ19 کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نےگزشتہ سال مارچ میں عالمی وبا قرار دیا تھا، کورونانے گزشتہ ایک سال میں دنیا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والی وبا کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے 11 مارچ 2020 کو عالمی وبا قرار دیا تھا،گذشتہ ایک سال میں وبا سے کروڑوں افراد متاثر ہوئے اور لاکھوں افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

عالمی سطح پرکورونا وائرس سے ہلاکتیں 26 لاکھ 41 ہزارسےتجاوزکرگئیں،کورونا متاثرین کی عالمی تعداد 11 کروڑ 91 لاکھ سے بڑھ گئی،،دنیا بھرمیں کورونا کے9 کروڑ47 لاکھ سےزائد مریض صحتیاب ہوچکےہیں۔

سیاحت سے لےکر ہوا بازی تک کئی شعبےآسمان کی بلندیوں سےزمین پرآگرے،دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹس کریش کرگئیں اور عالمی سطح پر پہلی بار خام تیل کی ٹریڈنگ منفی زون میں داخل ہوئی۔

کووڈ 19 کو عالمی وبا قرار دیئے جانے کے ایک سال بعد امریکی صدرجو بائیڈن نے مستقبل کی حکمت عملی پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکا واپس آ رہا ہے،انہوں نے کہا کہ امریکی عوام کو ویکسین لگوا کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ عوام ہوشیار رہیں، حالات خراب ہونے پر پابندیاں دوبارہ بھی لگائی جا سکتی ہیں۔

دوسری جانب برطانوی کورونا ویکسین ایسٹرا زینیکا کے استعمال کے نتیجے خون کی پھٹکیاں بننے کے واقعات کے بعد ڈنمارک، ناروے، آئس لینڈ اور اٹلی نے ویکسین کا استعمال عارضی طور پر روک دیا ہے۔

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ ویکسین اور خون کی پھٹکیاں بننے کے درمیان کسی تعلق کی علامات نہیں ملیں۔